آل انڈیا امامس کونسل بیجاپور ڈسٹرکٹ کمیٹی کاقیام
You are not authorized to view comments.
Wednesday, December 30th, 2009
بنگلور : 30 ڈسمبر ، 2009ء آل انڈیا امامس کونسل ریاست کرناٹک کی جانب سے ضلع بیجاپور کے تمام ائمہ وعلمائے کرام کا ایک خصوصی اجلاس دربار محلہ کی داتری مسجد میں بعد نماز ظہر منعقد کیاگیا جس میں میسور سے آئے ہوئے ریاستی صدر جناب مفتی احترام الحق صاحب نے کلیدی خطاب میں کہاکہ ہندوستان میں بیس کروڑ مسلمانوں کو منصوبہ بند طریقہ سے پسماندگی کے گڑھے میں ڈھکیل دیاگیاہے، جس کا خود حکومت نے سچر کمیٹی رپورٹ کے ذریعہ اقرار بھی کیاہے۔ سرکار، پولیس اور عدالتوں سے مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے کی مسلسل کوشش جاری ہے۔
لہٰذا ہم ائمہ، علماء اور حاملین قرآن وسنت کی ذمہ دای ہے کہ جس طرح ہمارے ملک کو انگریزوں سے آزادی دلانے کیلئے لاکھوں مسلمان اور ہزاروں علماء نے اپنی جانوں کو قربان کرکے آزادی دلائی، اُسی طرح آج ہمیں آگے بڑھ کر اُس آزادی کو باقی رکھنے اور ہمارے دستوری نظام کوقائم رکھنے کیلئے کام کرناہوگا۔ انشاء اللہ عنقریب وہ وقت آئے گا کہ سماجی انقلاب کیلئے اللہ تعالیٰ ہمارے لئے راستے ہموار کریں گے۔ ریاستی جنرل سکریٹری جناب مولانا معظم صاحب نے امامس کونسل کے اغراض ومقاصد کو واضح طورپر سمجھایا۔
اجلاس میں ائمہ، حفاظ اور علماء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام کے دوسرے حصہ میں بیجاپور ضلع کمیٹی کا قیام عمل میں آیا جس میں صدر مفتی کلیم الدین صاحب، نائب صدر حافظ اقبال صاحب ترکی، جنرل سکریٹری مولانا عبدالسلام، جوائنٹ سکریٹری حافظ عمران صاحب اور خزانچی حافظ حسن صاحب منتخب ہوئے اور کمیٹی ممبران عمر سنگی، حافظ مشتاق مدے بہال، حافظ یاسین بیجاپور، مولانا عبدالرزاق بسون باگیواڑی، مولانا غوث صاحب انڈی منتخب ہوئے ہیں۔
عبدالسلام ،جنرل سکریٹری،آل انڈیا امامس کونسل، بیجاپور، کرناٹک
A neo social movement for a new India of equal rights to all Indians

















































